ہانگژو: وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورہ چین کے دوران آج چین کے مشہور تجارتی اور ٹیکنالوجیکل مرکز ہانگژو میں ایک انتہائی مصروف دن گزاریں گے، جس کا بنیادی مقصد پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔
دورے کی تفصیلات کے مطابق، وزیراعظم آج ہانگژو میں منعقدہ “پاکستان چائنہ بزنس ٹو بزنس (B2B) انویسٹمنٹ کانفرنس” میں مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کریں گے۔ اس کانفرنس میں دونوں ممالک کے تاجروں اور کمپنیوں کے مابین مختلف شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔
عالمی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں: وزیراعظم کے شیڈول میں چین کی معروف اور بڑی کمپنیوں کے سربراہان (CEOs) سے اہم ملاقاتیں بھی شامل ہیں، جن میں پاکستان میں نئی سرمایہ کاری اور جاری منصوبوں کو تیز کرنے پر مشاورت کی جائے گی۔
علاوہ ازیں، وزیراعظم شہباز شریف دنیا کی سب سے بڑی ای کامرس کمپنیوں میں شمار ہونے والی “علی بابا” گروپ کے ہیڈکوارٹر کا خصوصی دورہ بھی کریں گے۔ اس دورے کا مقصد پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT)، ڈیجیٹل معیشت اور ای کامرس کے شعبوں میں چینی مہارت سے فائدہ اٹھانا اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔ سینیئر حکام کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان کی معاشی بحالی میں انتہائی اہم ثابت ہوگا۔