اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کی معیشت سے متعلق نئی پیشگوئی جاری کرتے ہوئے معاشی شرح نمو میں سست روی اور مہنگائی میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ 3.6 فیصد رہنے کی توقع ہے جبکہ آئندہ مالی سال یہ کم ہو کر 3.5 فیصد تک جا سکتی ہے۔ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ترقیاتی ہدف 4.2 فیصد ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق اوسط مہنگائی رواں سال 7.2 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے، جبکہ آئندہ سال یہ بڑھ کر 8.4 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ ادارے نے مجموعی مہنگائی 11.5 فیصد تک جانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بجٹ خسارہ 3.2 فیصد سے بڑھ کر 3.4 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ بے روزگاری کی شرح رواں سال 6.9 فیصد اور آئندہ سال 6.5 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق پرائمری بیلنس رواں سال 2.5 فیصد اور اگلے سال 2 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ پیشگوئیاں ظاہر کرتی ہیں کہ پاکستان کو معاشی استحکام، مہنگائی اور مالیاتی خسارے جیسے اہم چیلنجز کا سامنا رہے گا۔