اسلام آباد :پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان نئے مالی سال کے بجٹ اور طویل مدتی قرضہ پروگرام پر مذاکرات کے لیے آئی ایم ایف کا وفد آج پاکستان پہنچ رہا ہے۔ دونوں فریقین کے درمیان باضابطہ مذاکرات کا آغاز کل سے ہوگا، جس میں معیشت کی بحالی اور بجٹ اہداف کو حتمی شکل دی جائے گی۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق، حکومتِ پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ آئی ایم ایف کی تجاویز اور مشاورت کی روشنی میں تیار کیا جائے گا۔ اس کا مقصد معاشی اصلاحات کے عمل کو تیز کرنا اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کا اعتماد بحال کرنا ہے تاکہ نئے بیل آؤٹ پیکیج کی راہ ہموار ہو سکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد کے ساتھ یہ مذاکرات تقریباً ایک ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
حکومتی حکام پرامید ہیں کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ان مذاکرات کے نتیجے میں پاکستان کے لیے ایک بڑے اور طویل مدتی پروگرام کا راستہ کھل جائے گا، جو ملک میں معاشی استحکام اور غیر ملکی سرمایہ کاری لانے میں معاون ثابت ہوگا۔