امریکا کو بیک وقت دو موسمی شدتوں کا سامنا،کہیں گرمی کے ریکارڈ ٹوٹے تو کہیں برفانی طوفان

امریکا کو بیک وقت دو موسمی شدتوں کا سامنا،کہیں گرمی کے ریکارڈ ٹوٹے تو کہیں برفانی طوفان

امریکا کو بیک وقت دو موسمی شدتوں کا سامنا، ملک کے مشرقی ریاستوں میں ہیٹ ویو نے گرمی کے سابقہ ریکارڈ توڑدیے تو دوسری جانب شمالی ریاستوں میں برفانی طوفان کے باعث شدید سردی کا راج کا قائم ہو گیا ہے۔

امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی اور ملک کی جنوب مشرقی ریاستوں میں ہیٹ ویو سے گرمی کا ڈیڑھ سو سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جبکہ شمالی ریاستوں میں برفانی طوفان نے بڑے پیمانے پر  نظام زندگی کو منجمد کر دیا۔

امریکا کی 28 ریاستوں میں ساڑھے 7 کروڑ افراد کو برفانی طوفان کی وارننگ جاری کی گئی ہے جبکہ شدید برفباری کے باعث 2 لاکھ 80 ہزار گھر بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔

برفانی طوفان کے پیش نظر امریکا میں 35 سو  پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔

موسمیاتی ماہرین کی جانب سے برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ طوفان کا یہ سسٹم نِبراسکا سے نیو ہیمپشائر تک 13 سو میل تک پھیلنے کے امکانات کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔

دوسری جانب کینیڈا میں بھی ٹورنٹو سمیت ملک کے بڑے حصے کیلئے سرد موسم کی وارننگ جاری کی گئی ہے، ائیر کینیڈا کی جانب سے شدید موسم کے باعث 25 فیصد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔