خیبرپختونخوا محکمہ اطلاعات کا اجلاس، ایف ایم ریڈیوز، اخبارات کے واجبات پر بریفنگ دی گئی

خیبرپختونخوا محکمہ اطلاعات کا اجلاس، ایف ایم ریڈیوز، اخبارات کے واجبات پر بریفنگ دی گئی

پشاور۔ 02 اپریل (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان کی زیر صدارت جمعرات کو محکمہ اطلاعات کا اہم اجلاس ہوا۔محکمہ اطلاعات خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات مطیع اللہ، ڈائریکٹر جنرل محمد عمران اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں معاون خصوصی کو محکمے کے زیر انتظام ایف ایم ریڈیوز اور اخبارات کے واجبات سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔بریفنگ کے مطابق ہائی کورٹ کے احکامات اور صوبائی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں اخبارات کو بقایاجات کی ادائیگیوں پر تیزی سے کام جاری ہے، اس سلسلے میں محکمہ اطلاعات دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ بریفنگ کے مطابق اس حوالے سے محکمہ اطلاعات کی کوششوں کے خاطر خواہ نتائج سامنے آرہے ہیں۔محکمہ اطلاعات کے زیر انتظام ایف ایم ریڈیوز کے ذریعے مختلف سماجی معاملات پر عوام کو اگہی دی جا رہی ہے۔ بریفنگ کے مطابق محکمہ اطلاعات کے ریڈیو نیٹ ورک کے ذریعے عوامی مسائل کو حکام بالا تک پہنچانے میں بہت ذیادہ مدد مل رہی ہے۔ ایف ایم ریڈیوز کی نشریات صوبے کی 41 فیصد آبادی تک پہنچ رہی ہیں۔ بریفنگ کے مطابق صوبہ بھر میں محکمہ اطلاعات کے تحت 10 ایف ایم ریڈیو اسٹیشنز فعال ہیں،ایف ایم ریڈیوز عوام کو حکومتی اقدامات، آگاہی پروگرامز اور قدرتی آفات سے متعلق بروقت معلومات فراہم کر رہے ہیں۔بریفنگ کے مطابق پرانے واجبات کی ادائیگی کے لیے مؤثر طریقہ کار وضع کیا جا رہا ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا کہ اخبارات کے واجبات اور مزید ری کنسلی ایشن کے عمل کو مزید تیز کیا جائے،اشتہارات کے اجرا اور ادائیگیوں سمیت محکمے کے تمام امور میں سو فیصد شفافیت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں میڈیا اور محکمہ اطلاعات کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں،موجودہ حکومت محکمہ اطلاعات کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔