حکومت پاکستان معاشی گورننس کو سادہ، شفاف اور کاروبار دوست بنانے کے لئے پرعزم ہے، احسن اقبال

حکومت پاکستان معاشی گورننس کو سادہ، شفاف اور کاروبار دوست بنانے کے لئے پرعزم ہے، احسن اقبال

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان معاشی گورننس کو سادہ، شفاف اور کاروبار دوست بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ معاشی گورننس پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں ایسا سازگار ماحول پیدا کرنا اولین قومی ترجیح ہے جہاں سرمایہ کاری کو فروغ ملے اور کاروباری سرگرمیاں آسانی سے ترقی کر سکیں۔وفاقی وزیر نے زور دیا کہ ٹیکس نظام کو اس انداز میں تشکیل دیا جا رہا ہے جو بڑی سرمایہ کاری کے لیے حوصلہ افزا ہو۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایک ایسا مؤثر اور متحرک نظام متعارف کرا رہی ہے جس کے ذریعے ملکی برآمدی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ممکن ہوگا جبکہ برآمدات بڑھانے والی کمپنیوں کو خصوصی ٹیکس مراعات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں برآمدات کا فروغ قومی ایمرجنسی کی حیثیت اختیار کر چکا ہے، اگر پاکستان کو بیرونی انحصار سے نکلنا ہے تو ضروری ہے کہ ہر سال کم از کم 5 ارب ڈالر کا اضافہ برآمدات میں کیا جائے۔

اسلام آباد کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع ایک قیمتی اثاثہ ہے اور موجودہ عالمی حالات میں اسلام آباد ایک محفوظ اور پرکشش سرمایہ کاری مرکز کے طور پر ابھر سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد کو سرمایہ کاروں کے لئے اولین ترجیحی مقام بنایا جائے گا۔