اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عصری تقاضوں کے مطابق نوجوانوں کو تکنیکی و فنی تربیت فراہم کرنے کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنے کیلئے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔ بدھ کو یہاں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نوجوانوں کے لیے ملازمت کے مواقع بڑھانے کے لیے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق مسعود ملک،احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر احسن اقبال ، شزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان ، چئیر مین ایچ ای سی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے رانا مشہود احمد خان کی سربراہی میں پی ایم یوتھ پروگرام کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہماری قوم کا مستقبل ہیں، حکومت انہیں پیشہ ورانہ مہارت فراہم کرنے اور انہیں افرادی قوت میں شامل کرنے کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عصری تقاضوں کے مطابق نوجوانوں کو تکنیکی و فنی تربیت فراہم کر نے کے حوالے سے اقدامات میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن میں حالیہ اصلاحات کے بعد نوجوانوں کو تکنیکی تربیت کی فراہمی میں کافی بہتری آئی ہے، نوجوان افرادی قوت کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے نیوٹک کے ذریعے شروع کئے گئے جامع تربیتی پروگرام کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر زیادہ مانگ والے ہنر کے حوالے سے نوجوانوں کی بین الاقوامی سرٹیفیکیشن کے ساتھ فنی و تکنیکی تربیت اولین ترجیح ہے ۔ اجلاس میں وزیراعظم کو بیرون ملک اور قومی سطح پر نوجوانوں کے لیے ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اور وزارت خارجہ عالمی سطح پر نوجوانوں کے لیے ملازمت کے متعدد مواقع شناخت کر چکی ہے اور مزید مواقع تلاش کرنے پر کام جاری ہے، پی ایم یوتھ ہب قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملازمت کے مواقع کی معلومات کے حوالے سے مرکزی حیثیت اختیار کرچکا ہے، بیرونی ممالک میں آئی ٹی، صحت، تعمیرات، سیاحت، لاجسٹکس اور دیگر شعبوں میں ملازمت کے مواقع موجود ہیں۔
بریفنگ کے مطابق ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی 282 جامعات سے فارغ التحصیل طلباء کی ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے روزگار کے حوالے سے ٹریکنگ کر رہا ہے جس کے ذریعے فارغ التحصیل طلباء کو ملازمت ملنے کا ریکارڈ رکھا جا رہا ہے، یہ ریکارڈ آئندہ کے لیے تعلیمی پالیسی تشکیل دینے میں مددگار ثابت ہو گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تکنیکی تربیت کے فروغ کے لیے وفاقی وزارتِ تعلیم کے زیر انتظام 32 تعلیمی اداروں میں میٹرک ٹیک متعارف کیا گیا ہے، فنی و تکنیکی تربیت کے حوالے سے میٹرک ٹیک کی طرز پر انٹر ٹیک بھی جلد متعارف کیا جائے گا۔