اسلام آباد۔27مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے وزیراعظم شہباز شریف کے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری کو مسترد کرنے کے فیصلے کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف عوام دوست پالیسی کی عکاسی کرتا ہے بلکہ موجودہ معاشی حالات میں حکومت کی سنجیدگی اور ذمہ داری کا بھی ثبوت ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس ‘‘پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا عوامی ریلیف کے لیے بڑا فیصلہ قابلِ تحسین ہے۔
پیٹرول میں 56 روپے اور ڈیزل میں 203 روپے اضافے کی سمری مسترد کر کے حکومت نے واضح پیغام دیا ہے کہ عوام کو مہنگائی کے مزید بوجھ تلے نہیں دبنے دیا جائے گا بلکہ یہ 56 ارب روپے کا بوجھ خود برداشت کیا جائے گا۔ یہ اقدام نہ صرف عوام دوست پالیسی کی عکاسی کرتا ہے بلکہ موجودہ معاشی حالات میں حکومت کی سنجیدگی اور ذمہ داری کا بھی ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی ٹیم نے مشکل حالات کے باوجود جو فیصلے کیے ہیں، وہ قابلِ تعریف ہیں اور ملک کو استحکام کی طرف لے جانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔