وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے حالیہ سفارتی کوششوں کے ذریعے اہم کامیابی حاصل کی، محمد بلیغ الرحمن

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے حالیہ سفارتی کوششوں کے ذریعے اہم کامیابی حاصل کی، محمد بلیغ الرحمن

اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):سابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے حالیہ سفارتی کوششوں کے ذریعے ایک اہم کامیابی حاصل کی جس کے مثبت اثرات پورے خطے میں نمایاں ہو رہے ہیں۔ بدھ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی دانشمندانہ قیادت میں پاکستان نے بروقت اور مؤثر اقدامات کئے جس کے نتیجے میں ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں کمی آئی اور ایک ممکنہ بڑے بحران کو ٹالنے میں مدد ملی۔ انہوں نے اس پیشرفت کو پاکستان کی فعال، متوازن اور ذمہ دارانہ خارجہ پالیسی کا مظہر قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لئے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مؤثر حکمتِ عملی کلیدی ثابت ہوئی جن کی بصیرت نے دفاعی اور سفارتی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنایا۔ ان کے مطابق عسکری اور سیاسی قیادت کے درمیان قریبی رابطے نے پاکستان کو ایک مؤثر ثالث کے طور پر ابھرنے میں مدد دی۔نائب وزیراعظم وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی فعال اور متحرک سفارتکاری نے جنگ بندی کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر عالمی سطح پر اپنی شناخت کو مزید مستحکم کیا ہے جبکہ اسلام آباد میں ہونے والی سفارتی سرگرمیاں خطے میں دیرپا امن کے لئے سنگِ میل ثابت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ امن، استحکام اور مکالمے کے فروغ میں پیش پیش رہے گا اور حالیہ پیشرفت ملک کے مثبت اور مضبوط عالمی تشخص کی عکاس ہے۔