اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں پر مبارکباد دی ہے جس کی بدولت ایران اور امریکہ میں جنگ بندی ہوئی اور فریقین کے درمیان مذاکرات ہونے جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان جمعرات کو ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی۔
اپنی انتہائی گرمجوش اور دوستانہ گفتگو کے دوران امیر قطر نے وزیر اعظم کو پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں پر مبارکباد پیش کی جس کی بدولت ایران اور امریکہ میں جنگ بندی ہوئی اور فریقین کے درمیان مذاکرات ہونے جا رہے ہیں۔ پاکستان کی مخلصانہ اور ثالثی کی کوششوں کو سراہنے پر امیر قطر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم نے قطری قیادت کی دانشمندی اور تدبر کو سراہا جس کی بدولت گزشتہ چھ ہفتوں کے دوران مسلسل حملوں کا سامنا کرنے کے باوجود مثالی تحمل کا مظاہرہ کیا گیا۔
انہوں نے قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے سے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہیں گے۔ دونوں رہنمائوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مشترکہ کوششوں سے پورے خطے میں جلد امن واپس آئے گا۔