اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):پاکستان اور یورپی کونسل نے ایران اور خلیجی ممالک میں جاری کشیدگی اور اس کے عالمی معیشت پر اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بحران کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کو یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے پیر کو ٹیلیفون کیا۔ خوشگوار اور دوستانہ گفتگو کے دوران دونوں رہنمائوں نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے ساتھ ساتھ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنمائوں نے ایران اور خلیجی ممالک میں جاری کشیدگی اور اس کے عالمی معیشت پر اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس بحران کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے یورپی کونسل کے صدر کو مشرق وسطیٰ کے بحران میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی ثالثی کوششوں سے متعلق تازہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ یورپی کونسل کے صدر نے پاکستان کی امن کوششوں کی تائید کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ یورپی یونین خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے تمام سفارتی اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔
پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ان تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ ماہ برسلز کا ان کا طے شدہ دورہ موخر ہو گیا تھا۔ یورپی کونسل کے صدر نے کہا کہ وہ باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر وزیراعظم کا برسلز میں خیرمقدم کرنے کے منتظر ہیں۔
جی ایس پی پلس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ 28-29 اپریل 2026ء کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پہلے پاکستان-یورپی یونین بزنس فورم کا افتتاح کرنے کے منتظر ہیں۔ وزیراعظم نے یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیئین کے لیے اپنی نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا ۔