اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی دور اندیش قیادت میں پاکستان نے عالمی سفارتکاری میں مؤثر، متوازن اور باوقار کردار ادا کیا ہے۔
بدھ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران–امریکا کشیدگی میں کمی پاکستان کی سنجیدہ، مربوط اور نتیجہ خیز سفارتی کوششوں کا واضح مظہر ہے۔ قومی قیادت کی حکمت، تدبر اور بروقت فیصلوں نے خطے کو ایک بڑے بحران سے محفوظ رکھا۔رانا تنویر حسین کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ بصیرت اور مؤثر حکمتِ عملی نے علاقائی استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس کے مثبت اثرات پورے خطے پر مرتب ہو رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد کی حالیہ سفارتی پیش رفت خطے میں دیرپا امن کے قیام کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے، جبکہ پاکستان کی متوازن اور اصولی خارجہ پالیسی عالمی سطح پر اعتماد میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی قیادت کے مدبرانہ فیصلوں نے نہ صرف پاکستان کے وقار کو بلند کیا ہے بلکہ ملک کے عالمی تشخص کو بھی مزید مستحکم کیا ہے۔ پاکستان نے ایک بار پھر امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا عملی اظہار کیا ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی مثبت اور تعمیری سفارتکاری کو بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، اور پاکستان آئندہ بھی علاقائی ہم آہنگی، ترقی اور پائیدار امن کے فروغ میں اپنا فعال کردار جاری رکھے گا۔