وزیراعلی مریم نواز نے صوبے بھر میں صفائی کی صورتحال میں بہتری کیلئے دو ہفتے کی ڈیڈ لائن دیدی

وزیراعلی مریم نواز نے صوبے بھر میں صفائی کی صورتحال میں بہتری کیلئے دو ہفتے کی ڈیڈ لائن دیدی

لاہور۔7اپریل (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں صفائی کی صورتحال میں بہتری کیلئے دو ہفتے کی ڈیڈ لائن دیدی ہے۔وزیراعلی مریم نواز کی زیرِ صدارت خصوصی اجلاس میں تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر نے ویڈیو لنک شرکت کی۔اجلاس میں فی کلو میٹر ٹرانسپورٹ کرایوں کا تعین کرنے کیلئے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی گی۔ اجلاس میں پبلک ٹرانسپورٹ سے محروم 17 اضلاع میں فری ٹرانسپورٹ چلانے پر غور کیا گیا اور گوجرانوالہ، ملتان اور سیالکوٹ میں فری ٹرانسپورٹ پائلٹ کی منظوری دے دی گئی ۔وزیراعلی نے ا شیا خوردونوش کے ڈی سی ریٹ کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور پیرا کو صوبہ بھر میں ایل پی جی کے نرخ ریگولیٹ کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس کے دوران عالمی بحران کے تحت آئل پرائس کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب میں ٹرانسپورٹ کرائے پر آئل پرائس کے اثرات کی رپورٹ پیش کی گئی۔اجلاس میں لاہور سمیت ہر ضلع میں پیاز، ٹماٹر، آلو، کیلا اور دالوں سمیت 23 اشیا خوردونوش کے موجود ہ نرخ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور صوبے بھر میں پرائس کنٹرول کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کوبریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں آٹا کے نرخ سندھ سے 427 روپے، کے پی کے سے 823 اور بلوچستان سے 790 روپے کم ہے۔ پنجاب میں بیشتر دالوں، پھلوں اور سبزیوں کے نرخ دیگر صوبوں سے نسبتا ًکم، پنجاب میں دال اور چنے کے وافر سٹاک موجود ہیں۔ وزیراعلی نے عوام کو نوٹیفائڈ نرخ سے مہنگی اشیا بیچنے والوں سے خریداری نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے ضروری اشیا خوردونوش کی ذخیرہ اندوزی کے سدباب کیلئے اقدامات کا حکم دیا۔ وزیراعلی نے کمشنر ز کو روزانہ تصاویر اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور ہر یونین کونسل میں جوہڑوں کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کا حکم دیا۔ وزیراعلی نے شجر کاری،کتے کے کاٹنے،زیبرا کراسنگ، سٹریٹ لائٹس، گرین بیلٹ اور دیگر کے پی آئیز پر بھرپور توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے جھنگ میں صفائی کی صورتحال پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور 24 گھنٹے میں منتخب یونین کونسل کی مکمل صفائی کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلی نے ستھرا پنجاب کو قبرستانوں میں صفائی مہم دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں ہر ڈسٹرکٹ میں بیوٹیفکیشن کے جاری پراجیکٹ پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ اور بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کا تصویری معائنہ بھی کیا گیا۔ انہوں نے جون تک تمام اپ گریڈیشن اور بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کی تکمیل کی ہدایت کی اور بیوٹیفکیشن اور اپ گریڈیشن کے بعد خوبصورتی بحالی رکھنے کیلئے ٹھوس اقدامات کا حکم دیا۔اجلاس میں ا چھرہ لاہور، رحیم یار خان، فیصل آباد سمیت مختلف شہروں کے بیوٹیفکیشن اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ کابھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی نے اٹک میں بیوٹیفکیشن پراجیکٹ میں کوالٹی ورک پر مسرت کا اظہار کیا اور ڈی سی کو شاباش دی۔ انہوں نے اوپن ڈرینج میں اموات کے واقعات پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ غیر محفوظ جوہڑ کی موجودگی ڈی سی کی ناکامی سمجھی جائیگی۔ وزیراعلی نے گھنٹہ گھر فیصل آباد میں روڈ سائیڈ ڈرینج سسٹم اور بجلی کے تار ہٹانے پربھی مسرت کا اظہار کیا۔اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کے اہداف پربھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔

وزیراعلی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کوڑا کرکٹ کی نشاندہی کی شکایت پر ناپسندیدگی کا اظہارکیا۔اجلاس میں صفائی کے نظام میں بہتری کیلئے اے آئی کی معاونت سے ہر یونین کونسل کی گلیوں میں کارکنوں کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ کیلئے ڈیجیٹل میپنگ شروع کرنے اور صفائی کے نظام کیلئے ستھرا پنجاب کا بیٹ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر اے آئی کمپلینٹ ہیلپ لائن کیلئے ستھرا پنجاب ہیرو متعارف کرانے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں کوڑا کرکٹ کی نشاندہی کیلئے اے آئی بیسڈ ویسٹ ڈیٹیکشن آٹو موبائل پائلٹ پراجیکٹ پیش کیا گیا۔ وزیراعلی نے صوبہ بھر میں صفائی کی صورتحال میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ مختلف شہروں میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر نظر آنا افسوسناک ہے۔