لاہور۔27مارچ (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر میں 28 مارچ کوارتھ آور منانے کا اعلان کیا ہے۔ پنجاب بھر میں 28 مارچ کو رات ساڑھے آٹھ سے ساڑھے نو بجے تک روشنیاں گل کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے صوبے کے عوام سے ارتھ آور منانے کی اپیل کی ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سینئر منسٹر مریم اورنگزیب صوبہ بھر میں ارتھ آور مہم کی مانیٹرنگ کرینگی۔ ارتھ آور منانے کی مہم میں اشتراک کار کیلئے سیکرٹری ماحولیات کو فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ نئی نسل کو محفوظ اور صاف ماحول فراہم کرنے کیلئے اجتماعی کاوش ضروری ہے۔ ارتھ آور مہم کا مقصد توانائی کے محفوظ استعمال کا عوامی شعور بیدار کرنا ہے۔ ماحول کو ترجیحات میں شامل کرنے کے لئے ڈبلیو ڈبلیو ایف کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام توانائی کی بچت کی مہم میں بڑھ چڑھ کر شامل ہوں۔ نوجوان بھی دنیا بھر میں توانائی کے تحفظ کی کمپین کا حصہ بنیں۔