وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کا دورہ نمل ، معیاری تعلیم کے فروغ اور تعلیمی اداروں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے پر زور

وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کا دورہ نمل ، معیاری تعلیم کے فروغ اور تعلیمی اداروں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے پر زور

اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر وجیہہ قمر نے منگل کو نمل کا دورہ کیا جہاں ریکٹر میجر جنرل (ر)شاہد محمود کیانی اور ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر محمد رفیق خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ وزیر مملکت اور ریکٹر نمل کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان میں معیاری تعلیم کے فروغ اور تعلیمی اداروں کو جدید سہولیات سے آراستہ کر کے مؤثر تعلیمی ماحول فراہم کرنے بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے، تدریسی طریقوں میں جدت لانے اور تعلیم کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر زور دیا گیا۔وزیر مملکت کو نمل کے تعلیمی پروگرامز، جاری اقدامات، بین الاقوامی اشتراکات، مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز)اور ادارے کے ڈھانچے و نظام کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر ندیم طالب نے جامعہ کی کامیابیوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالی۔ڈاکٹر وجیہہ قمر نے لسانی تنوع اور ثقافتی روابط کے فروغ میں نمل کے کلیدی کردار کو سراہا اور زبانوں کے ذریعے مختلف ثقافتوں کو قریب لانے میں ادارے کی خدمات کو قابل تحسین قرار دیا۔ریکٹر نمل میجر جنرل (ر)شاہد محمود کیانی نے تعلیماتی سفارتکاری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نمل پاکستان کو غیر ملکی طلبہ کے لئے ایک پرکشش تعلیمی مرکز بنانے کے لئے کوشاں ہے جس کے لئے وظائف میں اضافہ، عالمی سطح پر روابط کا فروغ اور بین الاقوامی معیار کے تعلیمی پروگرامز کا اجرا ناگزیر ہے۔ انہوں نے زبان کی مہارت کو پیشہ وارانہ تعلیم کے ساتھ مربوط کرنے اور تحقیق پر مبنی تعلیم کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ عالمی چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

وزیر مملکت نے ایک باضابطہ نظام تشکیل دینے کی تجویز پیش کی جس کے تحت نمل سے تربیت یافتہ مصدقہ ترجمان سرکاری وزارتوں اور دیگر اداروں کو پیشہ وارانہ ترجمانی کی خدمات فراہم کریں۔ اس تجویز کو ریکٹر نمل نے سراہا اور اس کی مکمل حمایت کی اور اسے قومی سطح پر نمل کی لسانی مہارت سے استفادہ کرنے کا مؤثر ذریعہ قرار دیا۔وزیر مملکت کو نمل، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای)اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک)کے درمیان طے پانے والی سہ فریقی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)بارے بھی آگاہ کیا گیا جس کا مقصد اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں زبانوں کی تربیت فراہم کرنا ہے۔

دونوں جانب سے اس پروگرام کو مزید وسعت دینے اور اضافی زبانوں کے اجرا پر اتفاق کیا گیا تاکہ طلبہ کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔ملاقات میں جامعہ کے سینئر حکام بشمول ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر محمد رفیق خان، پرو ریکٹر ریسرچ اینڈ سٹریٹجک انیشی ایٹوز ڈاکٹر صفیر اعوان، ڈینز اور ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔