وزیر اعظم شہباز شریف سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ملاقات، خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا

وزیر اعظم شہباز شریف سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ملاقات، خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا

اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملاقات کی، ملاقات میں خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے اب تک کشیدگی میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ تمام فریقین امن اور جنگ بندی کو برقرار رکھیں۔

وزیراعظم اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے تمام فریقین کی جانب سے تحمل کے مظاہرے کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دونوں فریقین کو پرامن مذاکراتی حل تک پہنچنے کے لیے مکمل تعاون اور سہولت فراہم کرتا رہے گا۔

وزیر اعظم نے اس عمل میں شامل فریقین کے عزم کو سراہا اور امن کے حصول کی کوششوں میں ان کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے آنے والے وفود کو اپنی دعوت کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان کی جانب سے انہیں بہترین میزبانی اور بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔