اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لبنان کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہزاروں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے جبکہ لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے لبنان اور اس کے عوام کو نشانہ بنانے والے حملوں کو فوری طور پر رکوانے کے لیے پاکستان سے تعاون طلب کیا ہے۔
جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے لبنان کے وزیراعظم نواف سلام سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ۔وزیراعظم نے لبنان کے خلاف اسرائیل کی جاری جارحیت کی شدید مذمت کی اور ہزاروں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن کے لیے مخلصانہ کوششوں میں مصروف ہے اور اسی جذبے کے تحت ایران اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی امن کی کوششوں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے لبنان کے وزیر اعظم نے لبنان اور اس کے عوام کو نشانہ بنانے والے حملوں کو فوری طور پر ختم کرنے کے لیے پاکستان سے تعاون طلب کیا۔دونوں رہنمائوں نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔