اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کم آمدنی والے طبقات کو موجودہ صورتحال کے تناظر میں ریلیف پہنچانے کے لیے متعلقہ وزارتوں کو صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی تجاویز پیش کرنے اور پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ منگل کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین، بچت اور کفایت شعاری کے لیے جاری اقدامات کے نفاذ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں کم آمدنی والے طبقات کو موجودہ صورتحال کے تناظر میں ریلیف پہنچانے کے حوالےسے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے متعلقہ وزارتوں کو صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ اور غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ تین ہفتوں میں وفاقی حکومت نے کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اہم اقدامات کئے اور آئندہ بھی غریب طبقے کی ریلیف کے لئے اقدامات جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کے لئے وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی، کفایت شعاری اور بچت کے مختلف اقدامات کے ذریعے عام آدمی کو 129 ارب روپیہ کا ریلیف دیا، وفاقی حکومت کے بروقت فیصلوں کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کیلئے مناسب مقدار موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔اجلاس کو کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات پر عملدرآمد کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا ۔
اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد اور پورے سپلائی چین کی با قاعدگی سے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔