وزیر اعظم محمد شہبازشریف عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہیں ، رانا مشہود احمد خان

وزیر اعظم محمد شہبازشریف عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہیں ، رانا مشہود احمد خان

لاہور۔28مارچ (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہبازشریف عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہیں ، سازشوں کے باجود ملک ترقی کی جانب رواں دواں ہے، پاکستان خطے میں پائیدار امن کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، معرکہ حق میں کامیابی کے بعد پاکستان عالمی توجہ کا مرکز بن چکا ہے، نوجوان قیمتی اثاثہ ہیں ،حکومت نوجوانوں روزگار کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کا ر لا رہی ہے، موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عوام کو بھی کفایت شعاری اپنانا ہو گی، صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے فلاحی اداروں کا خدمات لائق تحسین ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روزریاض منصور ٹرسٹ ہسپتال گلشن راوی کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرصدر ر یاض منصور ٹرسٹ ہسپتال محمد انیس،مقامی سیاسی و سماجی رہنماء و دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی جنگی حالات کی وجہ سے ملکی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں تاہم وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کے فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہمسایہ ملک بھارت میں پٹرول کے حصول کے لیے لمبی لمبی لائنیں لگی ہوئی ہیں ، اور وہاں ماردھاڑ کا عالم ہے ،لیکن بروقت اقدامات اور عوام دوست پالیسیوں کی بدولت حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ اگرعالمی منڈی کے تناسب سے اضافہ کرتے تو ملک میں پٹرول کی فی لیٹر قیمت 544 روپے جبکہ ڈیزل740 روپے تک پہنچ جاتا لیکن ہم نے وہ بوجھ عوام پر نہیں ڈالا ،حکومت کو بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود وزیرا عظم نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کی سمری کو مسترد کر دیا۔

رانا مشہود احمد خان نے کہاکہ حکومت نے موجودہ معاشی حالات کے پیشِ نظر کفایت شعاری کی پالیسی اپناتے ہوئے اخراجات میں کمی اور وسائل کے موثر استعمال پر زور دیا ہے، اس ضمن میں غیر ضروری سرکاری اخراجات میں کمی اور سادگی کو فروغ دینا جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں،ان اقدامات کا مقصد مالی نظم و ضبط قائم کرنا، قومی خزانے پر بوجھ کم کرنا، اور معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر کفایت شعاری پر عمل کیا جا رہا ہے،وزراء اور ممبران اسمبلی نے دو ماہ کی تنخواہیں قومی خزانے میں جمع کرائی ہیں،پروٹوکول کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ تیل کے کوٹہ میں بھی کمی لائی گئی ہے۔انہوں نے کہا مہذب معاشروں میں جب کسی ملک کو اس طرح کے حالات درپیش ہوں تو صرف حکومت ہی نہیں عوام بھی حکومت کے شا نہ بشانہ کھڑی ہوتی ہے،جب تک عوام کا تعاون حاصل نہ ہو مشکل حالات پر قابو پانا مشکل ہوتا ہے،پاکستانی عوام کو بھی چاہیے کہ موجودہ حالات میں جاری ایس اور پیز اور کفایت شعاری پر عمل کریں ۔

ایک سوال کے جواب میں رانا مشہود احمد خان نے کہاکہ جس طرح وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور سپہ سالار سید عاصم منیر کی قیادت میں ہم نے معرکہ حق میں کامیابی حاصل کی اور دنیا کو ہماری طاقت کا اندازا ہوا ،آج پھر اسی طرح دنیا سفارتی محاذ پر ہماری مثبت حکمت عملی کی معترف ہے ،کیونکہ اللہ کے فضل سے آج پاکستان کو اعزاز حاصل ہوا ہے کہ سپر پاور امریکہ ،ایران ، مڈل ایسٹ کے تمام ممالک سمیت دیگر عالمی طاقتیں خطے میں امن کے لیے پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہیں ،پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ۔رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت خطے میں امن کے قیام کے لیے مسلسل کوشاں ہے، پائیدار امن کے لیے سفارتی کوششیں، علاقائی تعاون اور باہمی احترام ناگزیر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ مذاکرات اور افہام و تفہیم کے ذریعے مسائل کے حل کو ترجیح دیتا ہے اور خطے میں استحکام کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتا رہے گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کچھ ناعاقبت اندیش لوگ باہر بیٹھ کر ملک خدادا کو شام، عراق، لیبیا، مصر ،ایران یا فلسطین بنانا چاہتے ہیں ان کے عزائم اور سازشیں ناکام ہوں گی ،جس طرح بنیان المرصوص میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک افواج نے بھارت کو رسوا کیا ،اس طرح ملک دشمن عناصر کو بھی رسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام سازشوں کے باوجود ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، ملک میں خوشحالی کا آغاز ہوچکا ہے،آنے والے دنوں میں عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی اورقیامت تک پاکستان میں امن اوراستحکام رہے گا اور کوئی اس ملک کا بال بھی بیکا نہیں کر سکتا ہے۔ قبل ازیں رانا مشہود احمد خان نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات اور طبی سہولیات کی فراہمی کامعائنہ کیا اور ہسپتال انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ بعد ازاں انہوں نے تھیلیسیمیا سنٹر کا بھی دورہ کیا اور زیر علاج بچوں کی خیریت دریافت کی اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے بچوں میں تحائف تقسیم کیے اور کہا کہ عوام کو صحت کی شاندار سہولیات فراہم کرنے والے فلاحی اور سماجی اداروں کی خدمات لائق تحسین ہیں، اللہ کی خوشنودی کے لیے دکھی انسانیت کی خدمت بھی عین عبادت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاض منصور ٹرسٹ بھی ان ہی اداروں میں سے ایک ہے جو دن رات اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے ۔ انہوں نے حکومت کی طرف سے اس ادارے کی ہر ممکن مددکی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ حکومت ، ٹرسٹ اورہائر ایجوکیشن کے تعاون سے تھیلیسیما کے امراض سے بچائو سے متعلق آگاہی کے لیے تعلیمی اداروں میں پروگرام شروع کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ،وزیر اعظم محمد شہبازشریف کے ویژن کے تحت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے ٹھوس اقدامات بروئے کا ر لائے جا رہے ہیں۔اس موقع پر صدر ریاض منصور ٹرسٹ ہسپتال محمد انیس نے بتایا کہ ہسپتال کے سرجیکل ٹاور میں بین الاقوامی معیار کے جدید آپریشن تھیٹرز قائم کیے گئے ہیں، جہاں گائنی، آرتھو پیڈک ، جنرل سرجری اور امراض چشم کے خصوصی آپریشن کئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جدید طبی آلات اور تربیت یافتہ میڈیکل سٹاف کے ساتھ یہ سہولیات مریضوں کو معیاری اور محفوظ علاج فراہم کرنے کے لیے قائم کی گئی ہیں۔