وزیر اعلیٰ بلوچستان کا بزرگ سیاستدان سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کے انتقال پر اظہار تعزیت

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا بزرگ سیاستدان سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کے انتقال پر اظہار تعزیت

کوئٹہ۔ 10 اپریل (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بزرگ سیاستدان سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جمعہ کو اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ ایک انتہائی دیانتدار، شریف النفس، زیرک اور مدبر سینئر سیاستدان تھے جنہوں نے اپنی طویل سیاسی جدوجہد کے دوران عوامی خدمت اور جمہوری اقدار کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کے انتقال سے ایک مہذب اور باوقار سیاسی کردار کا باب اختتام پذیر ہوگیا ہے، جس کا خلا مدتوں محسوس کیا جاتا رہے گا۔ وزیر اعلیٰ نے مرحوم کے اہل خانہ اور تمام پسماندگان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔