اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے عالمی سفارتی محاذ پر قابلِ ذکر کامیابی حاصل کی ہے اورایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کا کردار ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر نمایاں رہا۔ بدھ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کیا، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی اسٹریٹجک رہنمائی خطے میں استحکام کے لیے اہم ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ قومی قیادت کے بروقت فیصلوں نے سفارتی سطح پر پاکستان کا وقار مزید بلند کیاہے، نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی فعال سفارتکاری نے بھی امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا، پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر عالمی امن کے لیے اپنی سفارتی صلاحیت کا بھرپور اظہار کیا۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ اسلام آباد کی سفارتی کاوشیں خطے میں پائیدار امن کی جانب ایک اہم پیش رفت ہیں، دنیا پاکستان کے مثبت اور تعمیری سفارتی کردار کو تسلیم کر رہی ہے، پاکستان نے کشیدگی کے بجائے مذاکرات کو ترجیح دے کر عالمی سطح پر مثبت مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ثابت کیا کہ خطے میں امن کے لیے اس کی سفارتی ذمہ داری اور صلاحیت مسلمہ ہے، پاکستان آئندہ بھی خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔