وفاقی وزیرمواصلات کا تاجکستان کے سفارتخانے کا دورہ، دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیرمواصلات کا تاجکستان کے سفارتخانے کا دورہ، دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔28مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے ڈپلومیٹک انکلیو میں تاجکستان کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور تاجک سفیر شریف زادہ یوسف توئیر سے غیر رسمی ملاقات کی۔ وزارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے مابین گہرے دوستانہ اور برادرتعلقات موجود ہیں، دونوں ممالک مذہب کے مضبوط بندھن سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف توئیر کی خدمات لائق تحسین ہیں۔تاجکستان سے دو طرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں۔

پاکستان اور تاجکستان کو نزدیک لانے میں سفیر موصوف کا کلیدی کردار ہے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے اپنے دورہ تاجکستان کا ذکر کیا اور دو طرفہ مختلف امور پر بات چیت کی۔ تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف توئیر نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں پاک، تاجک تجارتی امور میں اضافے اور تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔ تاجک سفیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ٹریڈ کوریڈورز سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہونا چاہتے ہیں۔

ملاقات میں موجودہ عالمی صورتحال اور جنوبی ایشیا میں پائی جانے والی کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تاجک سفیر نے کہاکہ پاکستان کے خطے میں ذمہ دارانہ اور سنجیدہ کردار کو سراہتے ہیں۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ وسط ایشیائی ریاستوں کے مابین تجارتی راہداریاں اہمیت کے حامل ہیں۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی آمد پر تاجکستان کے سفارتخانے میں ملی نغموں کی دھنیں بجائی گئیں۔