کراچی۔ 30 مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے پیر کو گورنر سندھ نہال ہاشمی سے ملاقات کی اورنہال ہاشمی کو گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ نہال ہاشمی کی بطور گورنر سندھ تقرری ایک خوش آئند اقدام ہے جو صوبے میں مثبت تبدیلیوں کا باعث بنے گی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر امیر مقام اور گورنر سندھ نے باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور صوبے کی ترقی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔امیر مقام نے گورنر سندھ کو کراچی میں پشتون برادری کے مسائل سے آگاہ کیا۔گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کراچی کی تعمیر و ترقی میں پشتون برادری کے کردار کو سراہا۔
گورنر سندھ نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور آمد پر پرتپاک استقبال کیا اور اس موقع پر انہیں سندھی ثقافت کی روایتی علامت سندھی ٹوپی اور اجرک پیش کی۔ملاقات میں وزیر اعظم یوتھ پروگرام سندھ کے کوآرڈینیٹر فہد شفیق اور مسلم لیگ (ن) سوشل میڈیا سندھ کے صدر خرم بھٹی بھی موجود تھے۔