لاہور۔11اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی اتوار (کل) کو راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پراپگریڈڈ ٹوریسٹ سفاری ٹرین کاافتتاح کریں گے۔ترجمان کے مطابق نجی شعبہ کے زیرانتظام اتوار کو راولپنڈی اور اٹک خورد کے درمیان چلنے والی ایئرکنڈیشنڈ ٹرین کا فی کس رائونڈٹرپ کرایہ 4500روپے مقرر کیا گیا ہے جس میں مسافروں کو دوران سفر ناشتہ،میجک شو اور میوزک سمیت اٹک خورداسٹیشن پر دوپہر کا کھانا،گھڑواونٹ رائڈنگ،اٹک پل کی سیر اوردریائے سندھ میں بوٹنگ جیسی سہولیات دستیاب ہونگی۔
ٹرین راولپنڈی ریلوے اسٹیشن سے روایتی پولیس بینڈکی دھنوں کیساتھ سفرکاآغازکریگی جس کا پہلا پڑائو گولڑہ ریلوے اسٹیشن پرہوگاجہاں سیاحوں کو ریلوے کی تاریخی نوادرات کے حامل گولڑہ ریلوے میوزیم کی سیر کرائی جائیگی ۔اس طرح ٹرین مختلف اسٹیشنوں پرسٹاپ کرتے ہوئے دریائے سندھ کے کنارے واقع اٹک خورد اسٹیشن پرسٹاپ کریگی جہاں اسٹیشن پر قائم مختصر ریلوے میوزیم کی سیرسمیت سیاحوں کو دوپہرکا کھانافراہم کیا جائے گا اور مسافر اونٹ و گھڑسواری سمیت دریائے سندھ میں بوٹنگ سے بھی لطف اندوز ہوسکیں گے۔