اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے شمالی بحیرۂ عرب میں کامیاب ریسکیو آپریشن پر پاک بحریہ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی پیشہ ورانہ مہارت اور انسانیت سے وابستگی کی ایک روشن مثال ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں بروقت اور مؤثر ردعمل دے کر مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 18 افراد کی جانیں بچانا ایک قابلِ فخر کارنامہ ہے، جو پاک بحریہ کی اعلیٰ تربیت، نظم و ضبط اور جذبۂ خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں نے جس ذمہ داری، مہارت اور انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کیا،
وہ پوری قوم کے لیے باعثِ افتخار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ افراد کو فوری طبی سہولیات کی فراہمی اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اور متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف قومی وقار میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ دنیا کے سامنے پاکستان کا ایک مثبت، ذمہ دار اور انسان دوست تشخص بھی اجاگر کرتے ہیں۔