اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے پیر کو مینجنگ ڈائریکٹر اور گلوبل ہیڈ سوورین ایڈوائزری، الواریز اینڈ مارسال (Alvarez & Marsal) ڈاکٹر رضا باقر کی قیادت میں آنے والے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں پیٹر بریگز، الزبتھ شورٹینو اور مکی لینڈن بھی شامل تھے جنہوں نے ورچوئل طور پر شرکت کی۔ملاقات کے دوران ڈاکٹر رضا باقر نے اپنی ٹیم کا تعارف کرایا اور الواریز اینڈ مارسال کی عالمی مہارت اور خودمختار مشاورتی خدمات اور سٹریٹجک سرمایہ کاری کے شعبوں میں جاری سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ بات چیت میں پاکستان اور الواریز اینڈ مارسال کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر غور کیا گیا، خاص طور پر بین الاقوامی سرمایہ کاری کے حصول اور پاکستان کی معاشی ترجیحات کے لیے جدید مالیاتی ڈھانچے کی تشکیل کے حوالے سے بات چیت ہوئی ۔
پیٹر بریگز نے وزیر خزانہ کو سٹریٹجک سرمایہ کاری پلیٹ فارمز کی تشکیل میں ادارے کے تجربے سے آگاہ کیا جس میں بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ حالیہ کام بھی شامل ہے اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ ایسے ماڈلز کو پاکستان کے تناظر میں کس طرح اپنایا جا سکتا ہے۔ شرکا نے نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لیے ادارہ جاتی شراکت داریوں کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیر خزانہ نے ادارے کی مسلسل دلچسپی کو سراہتے ہوئے حکومت کی جانب سے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے قابل عمل تجاویز تیار کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
انہوں نے موثر ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ قابل عمل سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کیے جا سکیں اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور شراکت داروں کے ساتھ موثر روابط قائم کیے جا سکیں۔دونوں فریقین نے نامزد فوکل پرسنز کے ذریعے قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور آئندہ دنوں میں تکنیکی سطح پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ مزید برآں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ آنے والے بین الاقوامی اجلاسوں کے دوران تجاویز کو حتمی شکل دینے اور تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے مزید ملاقاتیں کی جائیں گی۔