اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بحیرہ عرب میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیے گئے کامیاب ریسکیو آپریشن پر پاک بحریہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے، جس کے دوران مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 18 عملے کے افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا۔ جمعہ کو جاری اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت اور فوری ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعلیٰ روایات کو برقرار رکھا۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حمین نے مشکل حالات میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل کر کے غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ محسن نقوی نے پاک بحریہ کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن کے دوران چین، بنگلہ دیش، میانمار، ویتنام، انڈونیشیا سمیت دیگر ممالک کے عملے کے افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا،
جو پاکستان کے عالمی انسانی ہمدردی کے عزم کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے پاکستان کا ایک ذمہ دار بحری ملک کے طور پر تشخص مزید مضبوط ہوا ہے جو سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہتا ہے۔