وفاقی وزیر داخلہ کا ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، انفراسٹرکچر کی بہتری کے جاری منصوبے کا جائزہ لیا

وفاقی وزیر داخلہ کا ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، انفراسٹرکچر کی بہتری کے جاری منصوبے کا جائزہ لیا

اسلام آباد۔28مارچ (اے پی پی):وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں جاری انفراسٹرکچر کی بہتری کے پراجیکٹ کا معائنہ کیا اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں سرکاری اداروں میں کرپشن کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیا گیا۔ وزیر داخلہ نے جاری تعمیراتی سرگرمیوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق سرکاری اداروں میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے میں اصلاحات کا عمل اسی سال دسمبر تک مکمل کیا جائے گا۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا کہ بیرون ممالک ملازمت کے تمام اشتہارات کی آن لائن نگرانی کی جائے اور گمراہ کن اشتہارات کے متعلق عوامی آگاہی کو یقینی بنایا جائے، ایف آئی اے کو ہر قسم کے منظم جرائم کے خلاف ہر اول دستے کے طور پر منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے ایف آئی اے کو ہر سطح پر مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرائی۔

ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے وزیر داخلہ کو ادارے کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد اور ان کے سہولت کاروں کا جامع ڈیٹا مرتب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ادارے میں احتساب کو یقینی بنانے کیلئے شفاف اور مؤثر نظام وضع کیا گیا ہے، اس سلسلے میں دیگر ایجنسیز کے ساتھ ورکنگ گروپ اور کوآرڈینیشن کمیٹیز بنائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امیگریشن۔اینٹی ہیومن سمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو عمل میں لایا جا رہا ہے۔