اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے ایران۔امریکا جنگ بندی کے تناظر میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کوخراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بروقت اور موثر سفارتکاری کے ذریعے خطے کو ایک بڑے بحران سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں پاکستان کی دانشمندانہ حکمتِ عملی نے امن کی راہ ہموار کی اور کشیدگی کو کم کرنے میں مدد فراہم کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری میں ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست کے طور پر اپنی ساکھ مزید مضبوط کی ہے۔ انہوں نے نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی متحرک سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں نے مثبت نتائج کے حصول میں کلیدی کردار ادا کیا۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والی پیش رفت کو خطے میں پائیدار امن کے قیام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی متوازن، مثبت اور تعمیری سفارتکاری کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی امن، استحکام اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا فعال کردار جاری رکھے گا۔