اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے امریکہ،ایران جنگ بندی پر وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے مؤثر سفارتکاری کے ذریعے خطے کو ممکنہ تباہی سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
بدھ کو جاری بیان میں وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ایران-امریکہ جنگ بندی پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے مشکل حالات میں مؤثر سفارتکاری کے ذریعے امن کی راہ ہموار کی،پاکستان کی قیادت نے ناممکن کو ممکن بنا کر عالمی سطح پر مثال قائم کی،امن کے قیام کے لئے پاکستان کی کاوشیں عالمی اعتراف کی مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں استحکام اور ہم آہنگی کے فروغ میں پاکستان کا کردار نمایاں رہا اور پاکستان کی مثبت اور تعمیری سفارتکاری مؤثر ثابت ہوئی ،اسلام آباد مذاکرات کو دیرپا امن کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا جا سکتا ہے۔چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان عالمی امن، استحکام اور شراکت داری کے فروغ کے لئے پُرعزم ہے ۔