اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سےجاز ورلڈ کے سی ای او عامر ابراہیم ، ویون گروپ کے سی ای او کان ترزی اوغلو اور اعلیٰ قیادت کے ہمراہ ملاقات کی ۔ جن میں پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل، سرکاری و نجی اشتراک کے فروغ اور سرمایہ کاری، شمولیت اور طویل مدتی معاشی استحکام کو تیز کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال سے ملاقات میں پائیدار معاشی ترقی کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے فروغ پر بات ہوئی۔ وفد نے ’’اڑان پاکستان‘‘ فریم ورک کے ساتھ ہم آہنگی اور نالج بیسڈ اکانومی کی جانب پیش رفت کو اجاگر کیاجبکہ جاز ورلڈ کے پلیٹ فارم کو، جو 10 کروڑ سے زائد صارفین کو خدمات فراہم کر رہا ہے، سیکھنے، کمانے اور لین دین کے لیے قومی سطح کے ایک اہم ذریعہ کے طور پر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر طویل مدتی سرمایہ کاری کے تسلسل کے لیے پالیسی میں استحکام کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
کان ترزی اوغلو نے کہاکہ پاکستان ایک اہم موڑ پر کھڑا ہے جہاں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور پلیٹ فارمز ترقی کو تیز، مسابقت کو بہتر اور معاشی مضبوطی کو بڑھا سکتے ہیں۔ ہماری مسلسل فعال شرکت ملک پر طویل مدتی اعتماد اور کنیکٹیویٹی کے فروغ، ڈیجیٹل خدمات کے پھیلائواور ایسی جدت کو ممکن بنانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے جو کاروباروں کی معاونت، کمیونٹیز کو بااختیار اور قومی پیداواریت کو مضبوط بناتی ہے۔عامر ابراہیم نے مزید کہاکہ جیسے جاز ورلڈ ایک ڈیجیٹل طور پر مربوط سروس کمپنی میں اپنی منتقلی کو تیز کر رہا ہے، ہماری توجہ معیاری کنیکٹیویٹی کو وسعت دینے اور ایسے پلیٹ فارمز کو فروغ دینے پر مرکوز ہے جو مالی شمولیت، تعلیم اور کاروباری مواقع کی حمایت کریں، تاکہ سب کے لیے بہتر زندگی ممکن بنائی جا سکے۔
ہم نیٹ ورکس اور ڈیجیٹل خدمات میں مسلسل سرمایہ کاری کے ذریعے افراد اور کاروباروں کو وہ وسائل فراہم کرنا چاہتے ہیں جس سے وہ ڈیجیٹل معیشت میں مکمل طور پر حصہ لے سکیں اور پاکستان کی طویل مدتی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔گزشتہ تین دہائیوں میں پاکستان میں 11 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری اور نیکسٹ جنریشن کنیکٹیویٹی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز میں مسلسل سرمایہ کاری کے عزم کے ساتھ ویون اور جاز ورلڈ جامع ترقی، معاشی استحکام اور پاکستان کو ڈیجیٹل طور پر مضبوط اور نالج بیسڈ اکانومی بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔