وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ سے  ایس ای سی پی اور کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان کے چیئرمینز کی ملاقات

وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ سے  ایس ای سی پی اور کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان کے چیئرمینز کی ملاقات

اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف اور انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے  سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد اور کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) کے چیئرمین فرید احمد تارڑ نے بدھ کو یہاں ان کے آفس میں ملاقات کی۔وفاقی وزیر نے دونوں چیئرمین صاحبان کو ان کی حالیہ تقرریوں پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ بدھ وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں ایس ای سی پی اور سی سی پی پاکستان کے ریگولیٹری نظام کو مضبوط بنانے، شفاف، منصفانہ اور موثر مارکیٹس کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔

ملاقات کے دوران دونوں چیئرمین صاحبان نے وفاقی وزیر کو اپنے اپنے اداروں کے دائرہ کار، کارکردگی اور جاری اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ ادارہ جاتی ہم آہنگی اور ریگولیٹری فریم ورک کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعظم کی جانب سے قائم کردہ اعلیٰ سطحی کمیٹی سے متعلق بھی گفتگو ہوئی جس کی صدارت وفاقی وزیرِ قانون و انصاف اور انسانی حقوق کر رہے ہیں۔ اس کمیٹی کا مقصد پاکستان کے سکیورٹیز اور کارپوریٹ ریگولیٹری فریم ورک میں جامع اصلاحات لانا ہے۔

کمیٹی میں چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد، چیئرمین سی سی پی فرید احمد تارڑ اور وفاقی سیکرٹریز شامل ہیں۔یہ کمیٹی شعبے کے قانونی، ادارہ جاتی اور اپیلیٹ ڈھانچے کا جامع جائزہ لے رہی ہے۔ اہم نکات میں ریگولیٹری موثریت کو بہتر بنانا، تنازعات کے حل کے نظام کو مضبوط کرنا، طریقہ کار میں موجود رکاوٹوں کو کم کرنا اور بین الاقوامی بہترین طریقہ کار سے ہم آہنگی شامل ہیں۔یہ اقدام حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ کارپوریٹ اور مالیاتی ریگولیٹری ماحول کو مضبوط، شفاف اور موثر بنایا جائے تاکہ سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم ہو اور پائیدار معاشی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔