وفاقی سیکرٹری داخلہ کی زیر صدارت امن و امان و سکیورٹی کی بہتری کے حوالے سے اجلاس

وفاقی سیکرٹری داخلہ کی زیر صدارت امن و امان و سکیورٹی کی بہتری کے حوالے سے اجلاس

اسلام آباد۔27مارچ (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان و سکیورٹی کی بہتری کیلئے اقدامات اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جمعہ کو اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، ممبر ایڈمن و سٹیٹ، ممبر انجینئرنگ، ممبر انوائرمنٹ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن وامان و سکیورٹی کی بہتری کے اقدامات اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پلاننگ اور پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف مقامات پر داخلی دروازوں کی تنصیب کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، شہر کے مختلف داخلی راستوں کے اطراف حفاظتی باڑ کا کام تیزی سے جاری ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے سکیورٹی کے مختلف سول کاموں کی جلد تکمیل کیلئے آئی سی ٹی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کیساتھ ملکر یقینی بنائیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انفراسٹرکچر سے متعلق مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، ان منصوبوں کی تکمیل سے انفراسٹرکچر میں جدت کے ساتھ ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی واقع ہوگی، اس سلسلے میں کشمیر چوک انڈرپاس منصوبہ پر ورکنگ جاری ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کشمیر چوک انڈر پاس منصوبہ کا مقصد شہر کی مرکزی شاہراؤں پر ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا اور آمد و رفت کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔ سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا نے ہدایت کی کہ کشمیر چوک منصوبہ کی تکمیل کے ساتھ بیوٹیفیکشن پلان بھی ترتیب دیا جائے، اس منصوبے کی لینڈ سکیپنگ، ماحول دوست شجر کاری اور فائونٹینز کی تنصیب کا پلان تیار کیا جائے۔ اجلاس میں الیونتھ ایونیو کی تعمیر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسی طرح الیونتھ ایونیو روڈ منصوبہ ایران ایونیو کو سرینگر ہائی وے اور آئی جے پی روڈ سے منسلک کرے گا، یہ منصوبہ مستقبل میں شہر کے اہم ترین ٹریفک کوریڈورز میں شامل ہوگا، اسلام آباد ایکسپریس وے میں سروس روڈ ایسٹ کا منصوبہ پر بھی ورکنگ جاری ہے، اس منصوبے میں تقریباً 9.5 کلومیٹر طویل سڑک فیض آباد سے گلبرگ تک تعمیر کی جائے گی، منصوبے سے اسلام آباد ایکسپریس وے پر ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور مستقبل کی ٹریفک کی ضروریات کو بھی پورا کیا جاسکے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسی طرح مارگلہ ایونیو کو موٹر وے ایم۔ ون سے لنک کرنے کے منصوبہ پر ورکنگ جاری ہے، یہ لنک روڈ قومی شاہراہ (این۔5) کو موٹروے (ایم۔1) سے براہ راست ملائے گی، اس منصوبے کے تحت 2.7 کلومیٹر طویل سڑک تعمیر کی جائے گی، منصوبے کیلئے کنٹریکٹرز کو موبالائز کیا جا رہا ہے اور جلد ہی گراؤنڈ بریکنگ اور عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اتاترک ایونیو منصوبہ بھی سی ڈی اے کے ترقیاتی منصوبوں میں شامل ہے جس میں آغا خان روڈ اور جناح ایونیو کو اتاترک ایونیو کے ذریعے جدید انداز میں مربوط کیا جارہا ہے، اس منصوبے میں اتاترک ایونیو کے کراس سیکشن کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی میں بہتری لائی جاسکے گی، منصوبے میں اعلیٰ معیار کے حامل سائیکل ٹریکس بھی تعمیر کیا جائینگے۔ سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا نے ان تمام منصوبوں کی PAKـEPA سے انوائرمنٹ اسسمنٹ سٹڈی کی ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے سی ڈی اے کے متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹرز کیساتھ اسسٹنٹ کمشنرز بھی ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کی نگرانی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے انتظامیہ ان تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کیساتھ اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کیلئے انتہائی پر عزم ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو ایک جدید، منظم اور بین الاقوامی معیار کا شہر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔