اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):ٹریفک پولیس اسلام آباد نے غیر ملکی وفود کی آمد و رفت کے پیش نظر ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی ہے۔ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق ریڈ زون اور اس کے اطراف کے علاقوں میں سرکاری گاڑیوں کے علاوہ ہر قسم کی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ سفری دشواری سے بچنے کے لیے غیر ضروری طور پر ریڈ زون اور ملحقہ علاقوں کا رخ نہ کریں۔
ترجمان کے مطابق شہریوں کی سہولت اور رہنمائی کے لیے اہلکار مختلف شاہراہوں پر تعینات ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جا سکے۔ شہری اس دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ مزید معلومات کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ چینل اور سوشل میڈیا پیجز سے بھی رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔