ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے

ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے

اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے جس کے دوران دونوں ممالک کی اعلیٰ عدلیہ کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے اہم پیشرفت متوقع ہے۔رجسٹرار سپریم کورٹ دفتر سے جاری مراسلے کے مطابق ترک وفد اپنے دورہ پاکستان کے دوران سپریم کورٹ میں باہمی تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کرے گا۔ اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی معزز مہمان کے اعزاز میں 6 اپریل کو ظہرانہ بھی دیں گے۔مزید برآں چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان بھی ترک ہم منصب کے اعزاز میں 7 اپریل کو ظہرانے کا اہتمام کریں گےجس میں دوطرفہ عدالتی روابط اور تجربات کے تبادلے پر گفتگو متوقع ہے۔ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر اپنے دورہ پاکستان کے دوران وفاقی آئینی عدالت کا بھی دورہ کریں گے جہاں انہیں عدالت کے طریقہ کار اور آئینی دائرہ اختیار کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔دورے کو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کے فروغ اور ادارہ جاتی روابط کو مستحکم بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔