سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات، خیریت دریافت کی ،نیک خواہشات کا اظہار

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات، خیریت دریافت کی ،نیک خواہشات کا اظہار

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیر کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی خیریت دریافت کی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے وزیر خارجہ کی سفارتی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی سطح پر اپنے مؤقف کو مؤثر اور بھرپور انداز میں اجاگر کرتا رہے گا اور خطے میں امن و استحکام کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ملاقات میں وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے کفایت شعاری اقدامات کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثبت پیشرفت قرار دیا۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ قومی وسائل کے مؤثر اور دانشمندانہ استعمال کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔