سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ہدایت پرپارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ارتھ آور 2026 کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ہدایت پرپارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ارتھ آور 2026 کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

اسلام آباد۔28مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ہدایت پرپارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ارتھ آور 2026 کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ ارتھ آور منانے کا مقصد ماحولیاتی پائیداری کے عزم کا اعادہ ہے،پارلیمنٹ ہاؤس میں توانائی کے تحفظ کے اقدامات سختی سے نافذ ہیں،عالمی ارتھ آور مہم کے تحت پارلیمنٹ ہاؤس کی روشنیوں کو آج رات 8:30 سے 9:30 بجے تک بند کیا گیا۔ارتھ آور محض ایک گھنٹے کی علامت نہیں بلکہ زمین کے تحفظ کے لیے اجتماعی عزم کا اعادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی پارلیمنٹ ہاؤس کی غیرضروری بتیاں ایک گھنٹے کے لیے بند کی جا رہی ہیں،چھوٹے انفرادی اقدامات اجتماعی سطح پر بڑے اور پائیدار اثرات پیدا کرتے ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے باعث مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے،ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع پالیسی سازی اور مؤثر عملدرآمد ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ بروقت اقدامات سے آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ اور مستحکم مستقبل کو یقینی بنایا جا سکتا ہے،فضائی آلودگی میں کمی اور مضر گیسوں کے اخراج کو کم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ قدرتی وسائل کا پائیدار استعمال اور ماحول دوست رویوں کا فروغ ناگزیر ہے، ماحولیاتی تحفظ معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ ذمہ داری ہے،روزمرہ زندگی میں ماحول دوست طرزِ عمل اپنانا ہوگا،ماحول کے تحفظ سے ایک سبز، صاف اور خوشحال پاکستان کا خواب حقیقت بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم ارتھ آور کو صرف علامتی نہ سمجھے بلکہ مستقل ذمہ داری کے طور پر اپنایا جائے۔سپیکر قومی اسمبلی نے اس سلسلے میں ڈبلیو ڈبلیو ایف کی ماحولیاتی آگاہی مہم کو بھی سراہا۔