سنگاپور۔28مارچ (اے پی پی):سنگاپور میں پاکستان کے ہائی کمیشن نے ایشیا-یورپ فاؤنڈیشن (اے ایس ای ایف) کے زیر اہتمام افتتاحی اوپن ڈے میں پاکستان کے شاندار ثقافتی ورثے کی نمائش کی۔پاکستان بوتھ نے ملک کے ثقافتی تنوع اور ورثے کو اجاگر کیا جس میں شرکا نے زبردست دلچسپ کا مظاہرہ کیا۔ سنگاپور میں پاکستانی ہائی کمیشن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نمائش میں روایتی لباس ،ٹرک آرٹ، اعلیٰ معیار کے کھیلوں کے سامان، مصالحہ جات، اعلی ٰ اقسام کے چاول، کتابیں، اور سیاحتی مواد رکھا گیا تھا جو پاکستان کی ثقافتی رونق، برآمدی صلاحیت اور سیاحت کے مواقع بارے اہم آگاہی فراہم کر تا ہے ۔
بوتھ کا افتتاح سنگاپور میں پاکستان کے ہائی کمشنر اور اے ایس ای ایف گورنر رابعہ شفیق نے کیا۔ انہوں نے اے ایس ای ایف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر بیٹا سٹوزینسکا ،مختلف ممالک کے سفیروں ، اور دیگر اے ایس ای ایف گورنرز کو نمائش بارے آگاہ کیا۔ہائی کمشنر نے باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور بین الاقوامی شراکت داری کو مضبوط بنانے میں ثقافتی سفارت کاری کی اہمیت پرزوردیا۔
انہوں نے اوپن ڈے کے انعقاد میں اے ایس ای ایف کی کوششوں کو بھی سراہا اوراسے ثقافتی تبادلے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم قرار دیا۔اس تقریب نے ایشیا اوریورپ کے شراکت داروں کوایک جگہ جمع ہونے کا موقع فراہم کیا اور آرٹ، مکالمےاورمشغولیت کے ذریعے مشترکہ روابط کو اجاگر کیا۔