راولپنڈی ۔2اپریل (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے ساتھ شمالی وزیرستان میں در اندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ خوارج کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔جمعرات کوآئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق یکم اپریل کو سکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان میں پاک۔افغان سرحد کے ساتھ خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا مشاہدہ کیا۔سکیورٹی فورسز نے اس گروہ کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ اس درست اور مہارت سے بھرپور کارروائی کے نتیجے میں بھارتی پراکسی، فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔ ہلاک ہونے والے بھارتی حمایت یافتہ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ یہ کارروائی ایک بار پھر اس مؤقف کو ثابت کرتی ہے کہ افغان طالبان حکومت اپنی جانب سےسرحد کے مؤثر انتظام کو یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے۔ افغان طالبان حکومت کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے افغان سرزمین کو خوارج کے استعمال سے روکنا ہوگا اور اپنے شہریوں کی پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے سے باز رکھنا ہوگا۔پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے اپنے عزم پر قائم اور غیر متزلزل ہیں۔ علاقے میں مزید کسی بھی بھارتی حمایت یافتہ خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ ’’ عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری انسدادِ دہشت گردی مہم پوری شدت سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔