کوئٹہ۔ 30 مارچ (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے داخلہ امور بابر یوسفزئی نےکہا ہے کہ کوئٹہ میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب دو مقامات پر دہشت گردی کی کوششیں ناکام بنا دی گئیں، دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں، ایف سی اور پولیس نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کی۔ جاری بیان میں معاون برائے داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے مؤثر جواب پر “فتنۃ الہندوستان”سے وابستہ دہشت گردوں نے فرار ہوتے ہوئے معصوم شہریوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 5 شہری معمولی زخمی ہوئے جنہیں سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ بھارت کے ٹکڑوں پر پلنے والے دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم اور آقاؤں کی خوشنودی کے لیے معصوم بلوچ عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں، تاہم تمام سکیورٹی فورسز ہائی الرٹ ہیں اور پورے صوبے میں امن و امان کی صورتحال قابو میں ہے۔ ان کا کہناتھا کہ صوبائی حکومت عوام کی جان و مال کو ہر قیمت پر محفوظ بنائے گی، شہریوں اور میڈیا نمائندوں سے گزارش ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور ایف سی سمیت تمام ادارے شہریوں کی خدمت میں ہمہ وقت حاضر ہیں۔