لاہور۔7اپریل (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے صحت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب کی عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے پر عزم ہیں۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شعبہ صحت میں تاریخی اور انقلابی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے بہترین سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔
پنجاب میں صحت مند پنجاب وژن کے تحت جامع ہیلتھ ریفارمز کو کامیاب بنائیں گے۔ پہلی مرتبہ عوام کو ان کی گھر کی دہلیز پر ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پاکستان کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال اور سرگودھا میں کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ جلد عوام کیلئے کھول دیئے جائیں گے۔
چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام، ایڈلٹ کارڈیک سرجری پروگرام، کینسر ٹریٹمنٹ پروگرام اور چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام حکومت پنجاب کے فلیگ شپ پروگرامز ہیں۔
پسماندہ علاقوں سے ایمرجنسی کی صورت میں مریض کو بڑے شہر لے جانے کیلئے تاریخ میں پہلی بار ایئر ایمبولینس سروس شروع کی ہے۔2026 کے عالمی یوم صحت کے تھیم زچہ اور بچہ کی صحت اور سلامتی سے متعلق صحت مند آغاز،پرامید مستقبل کے اہداف کو کامیابی سے حاصل کریں گے۔
ہمیں علاج کی سہولتوں کے ساتھ صحت مند طرز زندگی اپنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا عالمی یوم صحت اچھی صحت کو برقرار رکھنے پر توجہ مرکوز کرنے کی یاددہانی کراتا ہے۔پنجاب میں بیماریوں سے لڑنے کے ساتھ ساتھ پری وینشن پر بھی بہت کام کر رہے ہیں۔