اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے ویت نام کے صدر ٹو لام کو ان کے انتخاب پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی جانب سے متفقہ انتخاب ان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا عکاس ہے۔ جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق اپنے تہنیتی خط میں صدر مملکت نے اس یقین کا اظہار کیا کہ صدر ٹو لام کی قیادت میں ویت نام ترقی اور خوشحالی کی نئی منازل طے کرتا رہے گا۔
پاکستان اور ویت نام کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور خیرسگالی پر مبنی خوشگوار اور دوستانہ روابط قائم ہیں۔ انہوں نے صدر ٹو لام کے ساتھ مل کر دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے سمیت دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد کےلئے تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔\932