قومی پیغامِ امن کمیٹی کا قومی یکجہتی، بین المذاہب ہم آہنگی اور مسئلہ کشمیر پر ازسرِنو توجہ مرکوز کرنے پر زور

قومی پیغامِ امن کمیٹی کا قومی یکجہتی، بین المذاہب ہم آہنگی اور مسئلہ کشمیر پر ازسرِنو توجہ مرکوز کرنے پر زور

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):قومی پیغامِ امن کمیٹی (این پی اے سی) نے منگل کو کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ایک اہم کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں ممتاز علمائے کرام اور مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں قومی یکجہتی، بین المذاہب ہم آہنگی اور مسئلہ کشمیر پر توجہ مرکوز کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کانفرنس میں آزاد جموں و کشمیر کے قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر نے شرکت کی اور نیشنل پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈی نیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کے ہمراہ شرکاء سے خطاب کیا۔ اس موقع پر تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علما و مشائخ نے بھی شرکت کی جو کمیٹی کے جامع اور ہمہ گیر نقطۂ نظر کی عکاسی کرتا ہے۔

قومی پیغام امن کمیٹی کے زیر اہتمام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدر آزادکشمیر چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ طاہر محمود اشرفی نے تمام مکاتب فکر کے علما کے اکٹھا کیا،بد قسمتی سے کشمیر کا تصفیہ حل نہ ہو سکا اور اس کا نتیجہ تقسیم کشمیر کی صورت میں نکلا،مقبوضہ کشمیر میں آج کوئی نماز جنازہ میں بھی شرکت نہیں کر سکتا،70سال سے مقبوضہ کشمیر کے کشمیری بھارتی ظلم و ستم کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے کشمیری قائدین کو بے دردی سے شہید کیا،شبیر شاہ 38 سالوں سے بھارتی جیل میں قید ہیں،بھارتی زیر قبضہ کشمیر میں میڈیا کو رسائی نہیں دی جارہی۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیری قائدین کو تیس تیس سالوں تک کی سزائیں سنائیں،بھارت کشمیریوں کی شناخت کبھی ختم نہیں کر سکتا،پاکستان میں نوجونواں کو کشمیر کے بارے میں آگاہی دینا بہت ضروری ہے،کشمیر پر جب بھی کوئی آفت آئی تو پاکستان نے بھرپور ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں معرکہ حق کے بعد سے پاکستان کی عزت و وقار میں اضافہ ہوا،بھارت کی ایک غلطی نے پاکستان کو آسمان پر پہنچا دیا ۔انہوں نے کہا کہ مئی کے بعد پاکستان پر اللہ نے خاص کرم کیا،پاکستان آج دنیا میں امن کیلئے ثالثی کی کوششیں کررہاہے،آزاد کشمیر میں کبھی مذہبی منافرت نہیں پھیلی۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کبھی کوئی ناخوشگوار پیش آ بھی جائے تو ہم سب مل کر اس کو حل کرتے ہیں،سندھ میں اقلیتوں کو سب سے زیادہ تحفظ مل رہاہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں قومی پیغام امن کمیٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہیں،قومی پیغام امن کمیٹی مشکل سرگرمیاں انجام دے رہی ہے، اس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔قومی پیغام امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مولانا طاہر اشرفی نے کمیٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ قائم ہونے والی امن کمیٹی نے تمام مکاتب فکر کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا،تربیت کے معاملے پر تمام علما و مشائخ ایک گھنٹے میں اکٹھے ہو گئے،امن کمیٹی کے وفود نے ہسپتالوں اور امام بارگاہوں میں بلا تفریق خدمات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں قومی یکجہتی کی فضا مضبوط ہوئی،عالمی سطح پر پاکستان کے امن مشن کو بھرپور سراہا جا رہا ہے،عراق کے وزیر خارجہ نے اپنے پیغامات میں پاکستان زندہ باد شامل کیا،عراق کی سڑکوں پر پاکستان کے پرچم لہرائے جانے کی ویڈیوز وائرل ہوئیں۔طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان اسلام آباد کو عالمی سطح پر امن کا مرکز بنانے میں کامیاب رہا،فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی کوششیں عالمی سطح پر قابلِ تحسین قرار دی جارہی ہیں اور کلمہ کی بنیاد پر پاکستانی پرچم کی عظمت کا اعتراف کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان بیانیہ نے دنیا میں پاکستان کا مثبت تاثر بحال کیا،قومی پیغام امن کمیٹی کا مقصد پاکستان اور آزاد کشمیر میں تعلقات کو مضبوط کرنا ہے،اسلام آباد دھماکے میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا،ایران کے معاملے پر پوری قوم اپنی قیادت کے ساتھ کھڑی ہے،اسلام آباد آج پوری دنیا کی توجہ کا مرکز ہے،ہمارا سیاست سے کوئی تعلق نہیں،ریاست کے موقف کے ساتھ آج پوری قوم کھڑی ہے۔طاہر اشرفی نے کہا کہ ایران کے وزیر خارجہ اپنے ہر پیغام میں پاکستان زندہ باد کہتے ہیں،پاکستان کی امن کیلئے کی جانے والی کوششیں کامیاب ہوں گی،ایران نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے پاکستان کے پرچم والے جہاز گزر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امن و استحکام کے ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی پاکستان آمد میں اضافہ ہوا ،عالمی سپورٹس ٹیموں نے بھی دوبارہ پاکستان کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پیغام امن کمیٹی کے ارکان کےملک گیر دوروں کا آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا کہ کشمیر میں مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد کیلئے کمیٹی کا تعاون جاری رہے گا،کمیٹی کا واضح موقف ہے کہ جو کشمیر کا دشمن ہے وہ پاکستان کا دشمن ہے۔علمائے کرام نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ واریت اور شدت پسندی کے خلاف متحد ہیں۔انہوں نے پاکستان کی ترقی اور قومی وحدت کیلئے کمیٹی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسالک بطور پاکستانی متحد ہیں ۔