قومی اسمبلی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پربحث ،اراکین کا بحران کے دوران کمزورطبقات کو ریلیف فراہم کرنے پرزور

قومی اسمبلی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پربحث ،اراکین کا بحران کے دوران کمزورطبقات کو ریلیف فراہم کرنے پرزور

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):قومی اسمبلی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پربحث منگل کوبھی جاری رہی اور اراکین نے موجودہ بحران کے دوران معاشی طورپرکمزورطبقات کوزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ منگل کوقومی اسمبلی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پربحث میں حصہ لیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے شیخ آفتاب نے کہاکہ امریکا اور اسرائیل نے پوری دنیا کے امن کومتاثرکیاہے،موجودہ حکومت کویہ کریڈٹ دینا چاہئے کہ بحران کے خاتمہ اورصلح کی ذمہ داریاں پاکستان کودی گئی ہے، پوری دنیامیں آج پاکستان ایک ثالث کاکرداراداکررہاہے، پوری فوج اورحکومت کواس کا کریڈٹ ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ بحران کے دوران معاشی طورپرکمزورطبقات کوزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کاسلسلہ جاری رکھنا چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ مہنگائی اورمشکلات ہیں لیکن ہمیں خارجہ اور معاشی امورپرجوکامیابیاں ملی ہے اس کا بھی ذکرکرنا چاہئے۔شیخ آفتاب نے کہاکہ اپوزیشن کوحالات میں بہتری لانے کیلئے ٹھوس تجاویز دینا چاہئے۔انہوں نے ملک میں قیام امن کیلئے مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کوخراج تحسین پیش کیا۔ثمینہ خالدگھرکی نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہاکہ نہ صرف خطہ بلکہ پوری دنیاکومشکل صورتحال کاسامنا ہے، پاکستان نے ایران اورامریکا کے ساتھ معاملات کو جس اندازمیں چلائے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کوپالیسیاں بناتے ہوئے مستقبل کی منصوبہ بندی کومدنظررکھنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ زراعت کاملکی معیشت میں اہم کردارہے، گزشتہ سال گندم کے بارے میں پالیسی سے کسانوں کومشکلات کاسامناکرنا پڑاتھا، موجودہ سیزن کیلئے بہترپالیسی بنائی جائے۔