قومی اسمبلی میں ایران- امریکا جنگ بندی میں پاکستان کے کردارپربحث جاری، اراکین کی مستقل جنگ بندی کی امید

قومی اسمبلی میں ایران- امریکا جنگ بندی میں پاکستان کے کردارپربحث جاری، اراکین کی مستقل جنگ بندی کی امید

اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):قومی اسمبلی کے اراکین نے ایران اورامریکا کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کردارکوسراہتے ہوئے امیدظاہرکی ہے کہ عارضی جنگ بندی مستقل جنگ بندی میں تبدیل ہوجائیگی۔بدھ کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کی کوششوں سے امریکا اورایران کے درمیان جنگ بندی پربحث کے دوران رکن قومی اسمبلی شیرافضل مروت نے کہاکہ آج ایوان میں اچھی پیش رفت ہوئی ہے،بیرسٹرگوہرنے جواعلان کیاہے وہ خوش آئند ہے اورپارٹی نے ظرف کامظاہرہ کیاہے،انہوں نے سیاسی ضرورتوں کے مقابلہ میں ریاستی ضرورتوں کوبالاتررکھا،حکومت وقت بھی خیرسگالی کیلئے اقدامات کرے۔

انہوں نے کہاکہ یواے ای نے پاکستان کیلئے ویزے بندکردئیے ہیں، وزیرخارجہ سے درخواست ہے کہ وہ اس معاملہ پرتوجہ دیں اوریواے ای کی حکومت سے یہ معاملہ اٹھائے، روزانہ سینکڑوں پاکستانی ڈی پورٹ ہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیزتھا مگرپاکستان میں بہت زیادہ اضافہ ہواہے، اس سے زندگی کے تمام شعبے متاثرہورہے ہیں، وزیراعظم عوام کیلئے ریلیف کااعلان کریں۔پیپلزپارٹی کے صادق میمن نے کہاکہ پاکستان نے تیسری جنگ عظیم کے خطرے کوٹال دیا ہے،وزیراعظم،فیلڈمارشل،نائب وزیراعظم اورپوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے،گزشتہ سال پاکستان نے بھارت کوعبرتناک شکست دی جس کے بعد پوری دنیا میں پاکستان کی عزت اورتوقیرمیں اضافہ ہواہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں کسی بھی فالس فلیگ سے محتاط رہنا چاہیے،ملک میں مہنگائی کی جولہرآئی ہے اس میں کمی اورمعیشت میں نموکیلئے بھی کام کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ مشکلات ابھی ختم نہیں ہوئی ہیں، پوری قوم کومتحدہوناپڑے گا۔مبین عارف نے کہاکہ اپوزیشن کی جانب سے ثالثی کوششوں کیلئے غیرمشروط حمایت کااعلان خوش آئند ہے، ایران کے عوام اورحکومت نے دلیری کامظاہرہ کیاہے،اگرجنگ بندی کایہ سہراپاکستان کے سرہے تویہ ہماری عزت ہے،پاکستان ہمارے لئے سب سے اول ہے، پاکستان ہے توہم سب ہے۔حمید حسین نے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران نے بھی پاکستان کے کردار کی تعریف کی ہے،ہمیں توقع ہے کہ یہ جنگ بندی کامیاب ہوگی،اس کے لئے کسی قسم کی سازشوں سے باخبر رہنا ہوگا۔اقبال آفریدی نے کہا کہ پوری دنیا میں جنگ بندی کا کریڈٹ پاکستان کو دیا جارہا ہے جو خوش آئند ہے۔