قومی اسمبلی کا اجلاس( کل) جمعرات کو منعقد ہوگا ،18 نکاتی ایجنڈا جاری

قومی اسمبلی کا اجلاس( کل) جمعرات کو منعقد ہوگا ،18 نکاتی ایجنڈا جاری

اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):قومی اسمبلی کا اجلاس( کل) جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوگا جس کے لیے 18 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلام پاک، حدیثِ مبارکہ، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور قومی ترانے سے ہوگا جس کے بعد وقفہ سوالات میں مختلف وزارتوں سے متعلق سوالات کے جوابات دیے جائیں گے۔ ایجنڈے میں اہم قانون سازی شامل ہے جس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ’’بار برداری بذریعہ ہوائی جہاز (ترمیمی) بل 2026‘‘اور وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی ’’قومی فنڈ برائے ثقافتی ورثہ‘‘ اور ’’لوک ورثہ‘‘ سے متعلق ترمیمی بلز منظوری کے لیے پیش کریں گے۔

اس کے علاوہ کابینہ سیکرٹریٹ کی جانب سے ’’معیاری وقت (تشریح حوالہ جات) ترمیمی بل‘‘ بھی زیر غور لایا جائے گا۔ عوامی اہمیت کے حامل معاملات کے تحت انجم عقیل خان اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں وصول کی جانے والی بھاری ٹیوشن فیسوں جبکہ عالیہ کامران رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں ٹیکس ریونیو میں کمی کی جانب وزراء کی توجہ مبذول کروائیں گی۔ اجلاس کے دوران دفاع، مذہبی امور، انسانی حقوق اور توانائی کی قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین اپنی میعادی رپورٹیں پیش کریں گے۔ ایجنڈے میں صدرِ مملکت کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے کیے گئے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث بھی شامل ہے۔