اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):قومی اسمبلی کا اجلاس آج (پیر) کی شام پانچ بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگا جس میں اہم قانون سازی، مالیاتی پالیسی گوشواروں کی پیش کش اور صدر مملکت کے خطاب پر تحریک تشکر سمیت دیگر اہم پارلیمانی امور نمٹائے جائیں گے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ ایجنڈے کے مطابق وزیر برائے بجلی سردار اویس احمد خان لغاری ’’الیکٹریسٹی ایکٹ 1910‘‘ اور ’’بجلی کی پیداوار، ترسیل و تقسیم کا انضباط ایکٹ 1997‘‘ میں ترمیم کے بلز پیش کریں گے۔ اسی طرح وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی مجموعہ تعزیرات پاکستان 1860 میں مزید ترمیم کا بل پیش کریں گے۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب ’’مالیاتی ذمہ داری و تحدید قرضہ ایکٹ 2005‘‘ اور’’مالیاتی ادارے (بازیابی مالیات) آرڈیننس 2001‘‘ میں ترمیم کے بلز پیش کرنے کے علاوہ ساتویں این ایف سی ایوارڈ پر عملدرآمد کی ششماہی نگرانی رپورٹ اور مالیاتی و قرضہ جات پالیسی گوشوارے برائے جنوری 2026 بھی ایوان کے سامنے رکھیں گے۔ ایجنڈے میں شامل دیگر امور میں قائمہ کمیٹی برائے بحری امور کے چیئرمین عبد القادر پٹیل ’’بحری جہازوں کے خطرناک مواد کا ماحول دوست انتظام بل 2025‘‘ پر کمیٹی کی رپورٹ پیش کریں گے۔علاوہ ازیں وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری صدر مملکت کے 2 مارچ 2026 کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے کیے گئے خطاب کی مصدقہ نقل ایوان میں پیش کریں گے، جس کے بعد صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک بھی پیش کی جائے گی۔ اجلاس کے دوران اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں زائد فیسوں کی وصولی اور ٹیکس ریونیو میں کمی سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹسز بھی زیر بحث لائے جائیں گے۔