اسلام آباد۔3اپریل (اے پی پی):سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت ملکی تاریخ کا ایک المناک باب ہے، بھٹو شہید کو عدالتی ناانصافی کے تحت ہم سے جدا کیا گیا،ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو متفقہ آئین، مضبوط جمہوری ڈھانچے، دفاعی استحکام اور ایٹمی پروگرام کی بنیاد فراہم کی۔چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کاقائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کی برسی پر جاری پیغام میں کہا کہ بھٹو شہید نے ملکی سیاسی و آئینی اصلاحات کے ذریعے عوام کو شعور اور حقوق کی نئی راہیں دیں
ان کی خارجہ پالیسی نے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک مضبوط شناخت دی اور ہمیشہ غریب اور متوسط طبقے کے حقوق اور جمہوریت کی بالادستی کے لیے جدوجہد کی۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ ان کا فلسفہ آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست اور عوامی خدمت کا بنیادی ستون ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بھٹو شہید کے عوامی خدمت کے وژن کا تسلسل ہے،ہم بھٹو شہید کے مشن اور جمہوری تسلسل کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔