پیٹرولیم قیمتوں میں کمی، عوام کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف کی پذیرائی

پیٹرولیم قیمتوں میں کمی، عوام کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف کی پذیرائی

اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):عوام نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نےپیٹرولیم لیوی میں 80 روپے کمی سے پٹرول کی قیمت میں 378 روپے فی لیٹر تک کم کر کے مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ پٹٹرول کی قیمتوں اور پیٹرولیم لیوی کو کم کرنے کے حکومتی اقدام کا شہریوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر خیرمقدم کیا گیا ہے۔ عوام نے اس اقدام کو انتظامیہ کے مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے ہونے اور ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پیدا ہونے والے مالی دباؤ کو کم کرنے کے اقدام کے طور پر سراہا۔

ہفتہ کو پی ٹی وی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ آپریٹرز نے حکومت کے فیصلے پر راحت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی سے براہ راست آپریشنل اخراجات میں کمی آئے گی اور مسافروں کے لیے کرایوں کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اس قدم کو بروقت مداخلت کے طور پر سراہا ۔مختلف صنعتوں کے ملازمین نے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایندھن کے اخراجات میں کمی کا گھریلو بجٹ پر براہ راست مثبت اثر پڑے گا۔ بہت سے لوگوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ مشکل وقت میں اس طرح کے حکومتی اقدامات شہریوں کی مدد اور مالی بوجھ کو کم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

طلباء نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایندھن کی کم قیمت بالواسطہ طور پر سفر اور روزمرہ کے اخراجات کو کم کر سکتی ہے۔انہوں نے مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کی حکومتی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایسے اقدامات سے عوام کا اعتماد بڑھتا ہے۔ کسانوں نے بھی ریلیف اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی سے زرعی مشینری چلانے اور پیداوار کی نقل و حمل کی لاگت کم ہو جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے حکومتی اقدامات لوگوں کے ساتھ یکجہتی کی عکاسی کرتے ہوئے بڑھتے ہوئے اخراجات سے نبرد آزما دیہی آبادی کو ٹھوس مدد فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدام نے نہ صرف مثبت تاثر چھوڑا ہے بلکہ ہمیں یہ احساس دلایا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف ہماری مشکلات کو صحیح معنوں میں سمجھتے ہیں۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے اس مشکل وقت میں حکومت کے ہمدردی اور یکجہتی کے اقدامات کو بھی سراہا۔