پیرس ۔31مارچ (اے پی پی):پیرس میں “پاکستان-فرانس تجارت و سرمایہ کاری فورم” کا انعقاد کیا گیا، جس میں دونوں ممالک کے سرکاری حکام، کاروباری شخصیات، صنعت سے وابستہ ماہرین اور تجارتی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔منگل کو فرانس میں پاکستان کے سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق یہ فورم 2024 ء میں صدر ایمانویل میکرون اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کے تحت منعقد کیا گیا جس کا مقصد پاکستان اور فرانس کے درمیان مضبوط اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔ فورم کا مقصد کاروباری روابط قائم کرنا، خیالات کا تبادلہ، دوطرفہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا اور پاکستان کی تجارتی و سرمایہ کاری صلاحیت کو اجاگر کرنا تھا۔
اس میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، توانائی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ستر سے زائد فرانسیسی اور پاکستانی کمپنیوں نے شرکت کی۔ فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے بزنس فورم کا افتتاح کیا اور پاکستان کی معاشی ترقی اور فرانس کیلئے ایک پرکشش تجارتی شراکت دار کے طور پر اس کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کے لیے سہولت فراہم کرنے والی حکومتی پالیسیوں اور ادارہ جاتی اقدامات کا ذکر کیا اور پاکستانی و فرانسیسی کاروباری اداروں کو مشترکہ منصوبوں اور باہمی فائدہ مند شراکت داریوں کے مواقع تلاش کرنے کی ترغیب دی۔
فرانسیسی مقررین میں تھیری پفلمین (چیئرمین، فرانس-پاکستان بزنس کونسل، میڈیف انٹرنیشنل)، پیٹریشیا گلازل (نائب صدر، کونسیلرز دو کومرس ایکسٹیریئر دے لا فرانس – CCEF) اور اردوان امیر اسلانی شامل تھے۔ انہوں نے پاکستان اور فرانس کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات کو سراہا، پاکستان میں تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی کی، اور نجی شعبے کے روابط کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔ اجلاسِ کے بعد “بریک آؤٹ” اور بزنس ٹو بزنس (B2B) سیشنز منعقد ہوئے، جن میں ٹیکسٹائل، زراعت و ڈیری، اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں عملی تعاون کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
